12/01/2025
لاس اینجلس کے جنگل سے شہر میں پھیلنے والی آگ پر قابو پانے میں ناکامی، آئندہ ہفتے مزید خراب موسم سے کئی نئی آبادیاں آگ کی پلیٹ میں آنے کی پیشگوئی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، آگ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 16 تک جا پہنچی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز گزشتہ روز بھی سارا دن مصروف رہے، آج رات اور اگلے ہفتے کے اوائل میں تیز ہوائیں چلتی رہیں گی، جس سے شہر بھر میں آگ بجھانے کی کوششیں خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔
ساحلی شہری علاقے میں پھیلنے والی آگ پر صرف 11 فیصد قابو پایا جا سکا ہے، لیکن اب یہ آگ گیٹی سینٹر اور یو سی ایل اے کے قریب برینٹ ووڈ اور دیگر کمیونٹیز کی طرف بڑھ رہی ہے، ایک لاکھ سے زائد رہائشیوں کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، کیوں کہ الٹیڈینا میں ’ایٹن فائر‘ اور کاؤنٹی میں دیگر آتشزدگیوں کے واقعات جاری ہیں۔